اگر آپ کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے تو آپ دنیا کے کسی بھی ملک کا ویزہ حاصل کرنے کے بعد وہاں کا سفر کر سکتے ہیں، لیکن دنیا کے نو ایسے ممالک بھی ہیں جہاں آپ کو ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
پاسپورٹ انڈیکس ایک آن لائن سروس ہے جو دنیا کے مختلف ممالک کے پاسپورٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔ اس پر آپ نہ صرف پاسپورٹس کی عالمی رینکنگ دیکھ سکتے ہیں بلکہ یہ بھی معلوم کر سکتے ہیں کہ کون سے ممالک میں آپ بغیر ویزے سفر کر سکتے ہیں، کن ممالک میں پہنچ کر ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے (ویزہ آن ارائیول)، کہاں آپ آن لائن ویزا لے سکتے ہیں، اور کن ممالک کے لیے باقاعدہ ویزہ اپلائی کرنا ہوگا۔
سال 2024 کے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ کا پاور رینک 97 ہے۔ یہ رینکنگ موبیلٹی اسکور کی بنیاد پر کی جاتی ہے، جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ کتنے ممالک میں آپ کا سفر آسانی سے ہو سکتا ہے۔ اس میں ویزہ فری ممالک، ویزہ آن ارائیول، اور آن لائن ویزا والے ممالک شامل ہیں۔ 2024 میں پاکستانی پاسپورٹ کا موبیلٹی اسکور 46 ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ کے ساتھ نو ممالک ایسے ہیں جہاں آپ بغیر ویزہ سفر کر سکتے ہیں، تین ممالک ایسے ہیں جہاں آپ کو ویزہ کی ضرورت نہیں لیکن الیکٹرانک ٹریول آتھنٹیکیشن (ای ٹی اے) درکار ہوتی ہے، جبکہ 34 ممالک کے لیے آپ آن لائن ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ کے لیے ویزہ فری ممالک
اگر آپ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل ہیں تو شمالی امریکہ کے پانچ ممالک ہیں جہاں آپ کو ویزے کی ضرورت نہیں، ان میں بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گرینیڈینز، اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو شامل ہیں۔
افریقہ کے دو ممالک، گیمبیا اور روانڈا، بھی پاکستانی پاسپورٹ پر بغیر ویزہ سفر کی اجازت دیتے ہیں۔
اوشینیا خطے کے دو ممالک، مائیکرونیشیا اور وانوآتو، بھی ان نو ممالک کی فہرست میں شامل ہیں جہاں پاکستانی شہری ویزہ فری سفر کر سکتے ہیں۔
ممالک جن کے لیے ای ٹی اے درکار ہے
تین ممالک ایسے ہیں جہاں پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد کو ویزہ کی بجائے الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (ای ٹی اے) درکار ہوتی ہے۔ یہ ممالک افریقہ میں واقع آئیوری کوسٹ، کینیا، اور سیشلز ہیں۔
یاد رہے کہ ای ٹی اے کا مطلب ہے کہ ویزہ کے بغیر سفر کرنے والے ممالک کے افراد کو ایک سادہ آن لائن پراسیس کے ذریعے اپنے پاسپورٹ کے لیے الیکٹرانک اجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔

No comments:
Post a Comment